آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع خطے کے حالات کے پیش نظر کی گئی،موجودہ صورتحال میں پیغام دینا ضروری تھا کہ سیاسی وعسکری قیادت ایک پیج پر ہے:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید 3 سال کیلئے آرمی چیف مقرر کیے جانے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کشمیر اور خطے کی صورتحال اور افغانستان میں جاری امن عمل کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنا آئینی اور صوابدیدی اختیار استعمال کیا، خطے اور سرحدوں کی موجودہ صورتحال میں یہ واضح پیغام دینا ضرور ی تھا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت تسلسل اور یکسوئی کے ساتھ ایک پیج پر ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر، علاقائی سیکیورٹی اور افغان امن کیلئے تسلسل کی ضرورت تھی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر سے کرفیو ہٹے گا تو حالات کا پتا چلے گا، پاکستان سفارتی سطح پر مقبوضہ کشمیر پر مختلف ممالک سے رابطے میں ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی جیت ہوئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز بھی کرفیو توڑنے کی کوشش کی گئی۔ بھارتی سیکیورٹی فورسز اور کشمیریوں کے مابین مڈ بھیڑ کی بھی اطلاعات ہیں۔مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے وزیر دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیان اور ان کے عزائم سب کے سامنے ہیں۔ ہماری طرف سے ایک واضع پیغام آج دنیا کے سامنے ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔