اپوزیشن اے پی سی:حکومت مخالف تحریک کیلئے رہبر کمیٹی چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کرے29 اگست کو دوبارہ اے پی سی بلانے کا بھی اعلان
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ متحد طور پر اسلام آباد آئیں گے اور حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکیں گے اور اس سلسلے میں رہبر کمیٹی کو کہا ہے کہ وہ ایک ہفتے میں چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کرے۔اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی غیرموجودگی میں اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) ہوئی، جس کی صدارت مولانا فضل الرحمٰن نے کی۔اے پی سی کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تمام جماعتوں کے سربراہاں اور وفود پر مشتمل اے پی سی کا انعقاد ہوا، جس میں ملکی کی مجموعی صورتحال اور حکومتی کارکردگی زیر بحث رہی۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر ہم سب اس پر متفق ہیں کہ حکومتی نااہلیوں کے باعث ملک بحران میں جکڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر ملک کمزور ترین دور سے گزررہا ہے اور یہی معاشی کمزوری کے سبب سوویت یونین اپنی بقا کی جنگ نہیں لڑسکی۔