گزشتہ دوبرسوں میں پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی جانب سمت متعین کرنابڑی کامیابی ہے:وزیراعظم
وزیراعظم عمرا ن خان نے کہاہے کہ گزشتہ دوبرسوں میں اُن کی سب سے بڑی کامیابی پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کی جانب سمت متعین کرناہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کے دوسال مکمل ہونے کے موقع پرنجی نیوزچینل کے ساتھ انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ ریاست مدینہ ایک منفردریاست تھی جس میں معاشرے کے پسماندہ طبقے کی فلاح وبہبود اولین ترجیح تھی۔ انہوں نے کہاکہ احساس پروگرام پسماندہ طبقے کو غربت کے چنگل سے نکالنے میں ایک سنگ میل ثابت ہورہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے تعمیراتی شعبے پرخصوصی توجہ مرکوزکی ہے تاکہ معاشرے کے غریب طبقے کے لئے روزگارکے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے اوراس سلسلے میں متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔ کوروناوائرس کے حوالے سے وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں متعلقہ صورتحال کافی بہتر اورقابو میں ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس وباء پرقابوپانے میں سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی نہایت موثر اور معاون ثابت ہوئی ہے۔ عمران خان نے کہاکہ ملک کامستقبل قانون کی حکمرانی کے ساتھ وابستہ ہے اور حکومت ملک کے بہترین مفاد میں اس امر کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ بہترین اورخوشگوارتعلقات ہیں جس نے مشکل کی ہرگھڑی میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم کے تصور کے مطابق پاکستان فلسطینی عوام کوان کے جائزحقوق ملنے تک اسرائیل کوتسلیم نہیں کرے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کامستقبل چین کے ساتھ جڑاہواہے۔ انہوں نے کہاکہ چین نے ہرفورم پرپاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔