سی پیک پیپلزپارٹی کا وژن تھا, مرتضیٰ وہاب
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت نے دو سال میں صرف تباہی مچائی، آٹا، چینی سمیت ہر چیز کے دام آسمان پر پہنچا دیئے گئے، یہ چاہتے ہیں غریب صرف سانس پر گزارہ کرے۔ انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ منظور نظر مافیاز آج وزیراعظم کے اردگرد بیٹھے ہیں، کراچی کو 165ارب روپے دینے کا وعدہ پورا نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پیپلزپارٹی کا وژن تھا، پی ٹی آئی میں اتنی اخلاقی جرات نہیں کہ اس بات کا اعتراف کرے، سی پیک کا معاہدہ آصف زرداری کی موجودگی میں پیپلزپارٹی دور میں ہوا۔انہوں نے کہا کہ 2018 کے بعد ایکسپورٹس میں کمی آئی، ریونیو اکٹھا کیے بغیر کوئی ریاست اپنے معاملات حل نہیں کرسکتی، عمران خان کو موقع ملا پرائیویٹ سیکٹر سے چیئرمین ایف بی آر لاسکتے ہیں، 2019میں پہلی بار ٹیکس ریونیو کم ہو کر 3.2کھرب ہوگیا، 2018میں ریونیو کلیکشن 3.84 کھرب روپے تھی۔ انہوں نے کہا اگست 2018 میں ڈالر 124روپے کا تھا اب 168روپے ہے، 2018 میں ڈی جی پی گروتھ 5.5 فیصد تھی، 2020 میں پی ٹی آئی حکومت نے 3.96کھرب روپے ٹیکس کلیکشن کی، سندھ حکومت نے مشکلات کے باوجود 105ارب روپے ٹیکس کلیکشن کی۔ انہوں نے کہا 17اگست 2018ء میں سٹاک ایکس چینج کا انڈیکس 42ہزار 446تھا، پی ٹی آئی دور میں سٹارک مارکیٹ 28ہزار پوائنٹس تک گری۔