خیبرپختونخوا کے علاقے چارسدہ میں ایک ہی روز میں پولیوٹیم پر حملوں کی ہیٹ ٹرک ہوگئی،فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

انسداد پولیو مہم کے آخری روز چند گھنٹوں میں صوبہ خیبرپختونخوا کے تین شہروں میں دہشتگردوں نے پولیو ٹیم کو نشانہ بنایا۔ چارسدہ میںدہشتگردوں نے پولیو ٹیم پر تین حملے کیے، شبقدر کے مازارے بازار میں پولیوٹیم کی سپروائز کی گاڑی پر فائرنگ سے لیڈی سپروائزر اور ڈرائیورجاں بحق ہوگئے۔ تھانہ نستہ کی حدود پڑاؤ میں موٹرسائیکل سواروں نے ایک اور پولیو ٹیم کو نشانہ بنایا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دہیری زرداد کے علاقے میں دو خواتین ورکرز دہشتگردوں کے حملے میں بال بال بچ گئیں۔ حملوں کے بعد علاقے میں انسداد پولیو مہم روک دی گئی۔ ادھرپشاور کے علاقے شیرو جنگی میں دہشتگردوں نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک ورکرشدید زخمی ہوگیا جسے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ نوشہرہ کے علاقے بحرام قلعے میں مسلح افراد کی فائرنگ سے انسداد پولیوٹیم کے دو خواتین ورکرز شدید زخمی ہوگئیں جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ گزشتہ روزکراچی اورپشاور میں انسداد پولیوٹیم پر حملوں کے نتیجے میں پانچ خواتین ورکرزجاں بحق ہوگئی تھیں۔