قومی اسمبلی نے انسداد پولیو ورکرز پر حملوں کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کرلی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکرفیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت ہوا۔ جس میں ایم کیو ایم کے رکن اقبال قادری نے انسداد پولیو مہم کی ٹیموں پرحملوں کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جسے ایوان نے منظورکرلیا۔ مشترکہ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ انسداد پولیو ورکرزپرحملوں میں ملوث مجرموں کو گرفتارکیا جائے اور انسداد پولیو مہم پر مامور افراد کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے نورعالم خان نے اپنے ہی وزیر داخلہ رحمان ملک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ پہلے ہی بتادیا تھا کہ پولیو ٹیموں پر حملوں کا خدشہ ہے تاہم رحمان ملک نے سیکیورٹی کے انتظامات نہیں کئے۔ ان کا کہنا ہے کہ رحمان ملک کو اپنی سیکیورٹی کا خیال رہتا ہے، وہ پارلیمنٹ کی سنتے ہیں نہ وزیراعظم کی۔ نورعالم خان نے کہا کہ پولیومہم کے ورکروں پرحملوں کا مقدمہ بھی رحمان ملک پرہونا چاہیے۔ اس سے قبل اجلاس میں سوالوں کے جواب دینے کے لیے متعلقہ وزراء ایوان میں موجود نہ تھے جن کی عدم حاضری پرڈپٹی اسپیکرنے برہمی کا اظہارکیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کبھی رحمان ملک بھارت کے دورے پرہوتے ہیں توکبھی وزیرخزانہ ایوان میں آنا پسند نہیں کرتے۔ اس پرنورعالم خان نے کہا کہ رحمان ملک جیسے غیرسیاسی لوگ پارلیمان کا حصہ بنیں گے توسیاسی لوگوں سے بھی عوام کا اعتماد اٹھ جائے گا۔ بعدازاں قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔