کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں علی الصبح رینجرز کی بھاری نفری نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا،، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان کے 4 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق علی الصبح رینجرز کی بھاری نفری نے مشرف کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران مشرف کالونی کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر دیا گیا،،، اس دوران کسی بھی شخص کو آنے جانے کی اجازت نہ تھی۔ دوران آپریشن کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں طالبان کمانڈر عابد مچھڑ سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ عابد مچھڑ قتل، اقدام قتل اور کئی اہم کیسز میں ملوث تھا۔ ٹارگٹڈ آپریشن میں رینجرز کی بھاری نفری کے ساتھ انسداد دہشت گردی ونگ کے اہلکار بھی شامل تھے۔ ہلاک ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔