ملک بھر میں انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی
خیبر پی کے اورفاٹا میں انسداد پولیو مہم شرو ع ہوگئی جو چار روز تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران چھیاسٹھ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انسداد پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اےکے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ مہم کے لئے بیس ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ فاٹا میں چار ہزار سے زائد ٹیمیں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلارہی ہیں۔ پولیو ٹیموں کی حفاظت کیلئے تیس ہزار اہلکار تعینات ہیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بھی تین روزہ مہم کا آغاز ہوگیا۔ تین حساس اضلاع کوئٹہ قلعہ عبداللہ اور پشین میں پولیو مہم سات روز تک جاری رہیگی۔ پانچ سال تک کی عمر کے چوبیس لاکھ اکاون ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کیلئے نو ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ آٹھ ہزار ننانوے موبائل. آٹھ سو پچپن فکسڈ اورتین سو تہتر ٹرانزٹ پوائنٹ پر بھی بچوں کو ویکسین پلائی جائے گی۔ پنجاب بھر میں بھی تین روزہ پولیو مہم شروع ہوگئی۔ مہم کے دوران ایک کروڑ چوراسی لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ کراچی میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا۔ مہم کے دوران دس لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔