امریکہ اورطالبان کےدرمیان بات چیت کےنئےدور سےافغانستان میں امن کی راہ ہموار ہوگی: پاکستان
اقوام متحدہ میں پاکستان نے اُمید ظاہر کی ہے کہ ابوظہبی میں افغان طالبان اور امریکی حکام کے درمیان بات چیت کے نئے دور سے افغانستان میں امن کی راہ ہموار ہوگی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کی صورتحال کے بارے میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے پاکستانی مندوب ٹیپو عثمان نےکہا کہ پاکستان افغانوں کی زیر قیادت اور انہی کی سربراہی میں امن عمل میں تمام ممکن سہولت فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے افغان فریقوں پر زور دیا کہ اس اعتراف کا کوئی متبادل نہیں کہ غیر مشروط بات چیت امن کا واحدراستہ ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ بار بار غیر ملکی فوجی مداخلت اورخانہ جنگی کے باعث پیدا ہونے والے عدم استحکام نے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس سے امن، ترقی اور خوشحالی کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اور افغانستان امن اور سالمیت کےلئے حال ہی میں طے پانے والے لائحہ عمل کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے پر کام کررہے ہیں۔