وزیراعلیٰ پنجاب کا کرشنگ سیزن شروع نہ کرنے والی بعض شوگر ملوں کے خلاف کارروائی کا حکم
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واضح ہدایات کے باوجود کرشنگ سیزن شروع نہ کرنے والی بعض شوگر ملوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا ہے اور اس ضمن میں صوبائی وزیر خوراک، سیکرٹری خوراک اور کین کمشنر کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مطالبات تسلیم کئے جانے کے باوجودشوگر ملیں نہ چلانے کا کوئی جواز نہیں۔ شوگر ملیں نہ چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی اور کاشتکاروں کا کسی کو استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ گنے کی مقرر کردہ قیمت پر فروخت یقینی بنائی جائے گی اور شوگر ملیں کاشتکاروں سے گنا مقررکردہ نرخوں پر خریدنے کی پابند ہوں گی جبکہ وزن میں کٹوتی کی شکایت پر بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے کسان بھائیوں کے ساتھ ہے اور گنے کے کاشتکاروں کے مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور کاشتکاروں کو ان کی محنت کا معاوضہ دلایا جائے گا۔