کشمیر کاز پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور کا بنیادی حصہ ہے: بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر کاز پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور کا بنیادی حصہ ہے۔ پیپلزپارٹی کشمیر اور کشمیر کے عوام کے احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرتی رہے گی۔ گزشتہ روز زرداری ہائوس اسلام آباد میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید اور چوہدری یٰسین کی قیادت میں ملاقات کرنے والے ایک وفد سے ملاقات کے دوران چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم انسانیت سوزمظالم کے خلاف پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آواز بلند کی ہے اور کرتی رہے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کے دوران حکومتی سطح پر عالمی سطح پر آواز بلند کی گئی۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق میں بلند کی جانے والی آواز پر بھارت کے خلاف ایک رائے عامہ پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو چاہیے کہ بھارتی مظالم کے خلاف سفارتی اثرو رسوخ استعمال کرے۔ پاکستان پیپلزپارٹی اپنی اورسیز تنظیم کے ذریعے کشمیریوں کی بھرپور سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گی۔ ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے۔ درایں اثناء چیئرمین پیپلزپارٹی سے پیپلزپارٹی بنوں کی رہنما سیدہ یاسمین صفدر نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل نیر حسین بخاری بھی موجود تھے۔