پاکستان اور نیوزی لینڈ کےمابین دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کل کھیلا جائےگا
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ بذریعہ بس آکلینڈ سے ہملٹن پہنچا ہے، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہملٹن کے سیڈن پارک میں شیڈول میچ مقامی وقت کے مطابق رات 7 بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق دن 11 بجے شروع ہوگا۔ گزشتہ روز آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی، اس طرح سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو 154 رنز کا ہدف دیا جسے کیویز نے 19اوورزمیں باآسانی مکمل کرلیا ۔ خیال رہے کہ بابر اعظم انجری کے باعث ٹی 20سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جس کے بعد ٹی 20 ٹیم کی قیادت شاداب خان کررہے ہیں ۔ 15 رکنی اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، حیدرعلی، حارث رؤف، حسین طلعت، افتخاراحمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمدرضوان، سرفرازاحمد، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض شامل ہیں۔