وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی کورکمانڈر لاہورلیفٹیننٹ جنرل صادق علی سے ملاقات ۔۔۔۔۔
لاہور میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج اور پولیس کے افسروں و جوانوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہداء کے لواحقین کو بھی زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اپنا آج ملک و قوم کے کل کیلئے قربان کرنے والے پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ قوم کو شہداء کی لازوال قربانیوں پر ناز ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے لازوال قربانیاں دے کر اقوام عالم میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے سب نے مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔