پاکستان اورسعودی عرب کادوطرفہ تعلقات پر اطمینان کااظہار
پاکستان اورسعودی عرب نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات اوربڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کااظہارکیاہے۔سعودی ولی عہد شہزاد محمدبن سلمان کے تاریخی دورہ پاکستان کے اختتام کے بعد جاری مشترکہ یبان میں دونوں ملکوں کی قیادت کے درمیان مضبوط روابط پربھی اطمینان کااظہارکیاگیا۔ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کے پاکستان کواسلامی ،سماجی اورمعاشی اصولوں پرمبنی فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کے ایجنڈے کوسراہتے ہوئے سعودی عرب کی طرف سے حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔پاکستان نے امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے سعودی عرب کے قائدانہ اور مثبت کردار کوسراہا۔انہوں نے اقوام متحدہ کے زیرتحت معاملات پرسیاست کرنے سے گریز کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔اسلام آباد میں باضابطہ مذاکرات کے دوران سعودی ولی عہد نے بھارت کے ساتھ مذاکرات اور کرتارپورراہداری کھولنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی فراخدلانہ کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ خطے میں امن واستحکام کو یقینی بنانے اوردیرینہ مسائل کومذاکرات کے ذریعے ہی حل کیاجاسکتاہے۔فریقین نے دونوںملکوں کے عوام اورتاجروں کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے تمام وسائل کوبروئے کارلانے پراتفاق کیا۔سعودی عرب نے حکومت پاکستان کی جانب سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری کے لئے سہولتیں فراہم کرنے کے ا قدامات کوسراہا۔