مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 4 کشمیری شہید
سری نگر: قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں فائرنگ کرکے 4 کشمیریوں کو شہید کردیا۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلواما میں بھارتی فورسز نے فائرنگ کرکے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیری میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کو سرچ آپریشن کی آڑ میں نشانہ بنایا۔ قابض بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے آپریشن کے نام پر 3 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا جبکہ ضلع پلواما میں قابض بھارتی فوج کے میجرسمیت 4 اہلکار مارے گئے تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں ہونے والے دھماکے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔ واقعے کے بعد قابض فورسز نے متعدد کشمیریوں کو گرفتار کرلیا تھا