وزیراعظم نے بھارت پر واضح کردیا ”ہمارے لیے پاکستان ہی زندگی اور پاکستان ہی موت ہے“۔ شیخ رشید احمد
وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ آج وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بیس کروڑ پاکستانیوں کی ترجمانی کی ہے کہ اگر امن کی بات کرو گے ، اگر جنگ کی بات کرو گے تو جنگ کی بات ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پلوامہ واقعہ کا بھارت کو کرارا جواب دینے کو سراہتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر کہہ دیا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف ہے اور عمران خان نے ایک واضح پیغام دیا کہ آج سارے ہندوستان کے مسلمانوں پر جو ظلم ڈھایا جا رہا ہے اس کی وجہ مسئلہ کشمیر ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے خطاب میں واضح پیغام دے دیا ہے کہ ہم نے چوڑیاں نہیں پہنی ہوئیں۔ہمارے لیے پاکستان ہی زندگی ، پاکستان ہی موت ہے۔ اگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو وہ آنکھیں نکال دی جائیں گی۔ پھر نہ تو گھاس اگے گی ، نہ چڑیاں چہکیں گی اور نہ ہی مندروں میں گھنٹیاں بجیں گی کیونکہ پاکستان مسلمانوں کا وہ ایک قلع ہے جسے ساری دنیا کے مسلمان دیکھ رہے ہیں اور عمران خان کی قیادت میں بیس کروڑ عوام اس بات پر تیار ہیں کہ امن ہو یا جنگ ہو ، ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔