حریت رہنما سید علی گیلانی کے گھر میں کام کرنے والا ملازم گرفتار
مقبوضہ کشمیر پولیس نے بزرگ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی رہائش گاہ پر کام کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے ۔ کشمیر میڈیا ذرا ئع کے مطابق پولیس نے سراج الدین گنائی نامی شخص کو گذشتہ شام سید علی شاہ گیلانی کے گھر کے باہر سے حراست میں لیا اور پوچھ گچھ کے لیے سرینگر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔کہا جا ریا ہے کہ سراج الدین گنائی کو حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر حراست میں لیا ہے۔ سراج الدین گنائی کا تعلق ضلع پلوامہ کے ترال قصبے سے ہے۔پولیس نے سراج الدین کو حراست میں لیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سید علی شاہ گیلانی کی صحت دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے۔حریت کانفرنس کے سینئر رہنما سید علی گیلانی کافی عرصے سے اپنے ہی گھر میں نظربند ہیں اور کافی علیل بھی ہیں۔