آسٹریلیا:دوطیارے ٹکرا گئے ،2پائلٹس سمیت 4افراد ہلاک
آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں دو طیارے فضا میں آپس میں ٹکرانے سے 2 پائلٹس سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی شہر میلبرن کی فضا میں 2 ہلکے طیارے محو پرواز تھے، جو فضا ہی میں ایک دوسرے سے ٹکرا کر تباہ ہوگئے۔ حادثے کے بعد طیاروں کے ملبے دور دور تک بکھر گئے۔آسٹریلوی پولیس کے مطابق دونوں دو انجن والے طیارے تھے، دونوں طیاروں میں ایک ایک پائلٹ اور مسافر موجود تھے۔ طیارے زمین سے 4 ہزار فٹ کی بلندی پر مینگلور قصبے کے اوپر فضا میں ٹکرائے۔حکام کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں طیاروں کے بکھرے پرزے، اور دیگر سامان باآسانی دیکھے جاسکتے ہیں۔تفتیشی حکام نے کہا کہ دونوں طیارے اجازت ملنے پر محو پرواز تھے ۔ فی الحال اس بات کا علم نہیں کہ کیسے دونوں طیارے ایک ہی سمت میں ایک دوسرے کے مخالف آگئے۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ حادثے میں تباہ ہونے والے ایل طیارے نے قریب ایئر فیلڈ سے پرواز بھری، تاہم دوسرے طیارے کا علم نہیں کہ اس نے کہاں سے اڑان بھری تھی۔