لیبیا ساحل کے قریب 300 غیرقانونی تارکین وطن کو بچا لیا گیا
لیبیا کوسٹ گارڈ نے ساحل کے قریب 300 سے زائد غیرقانونی تارکین وطن کو بچا لیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرین(آئی او ایم)نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کوسٹ گارڈ کی ٹیم نے لیبیا ساحل کے قریب 300 سے زائد غیر قانونی تارکین کو بچایا اور 2020 میں اب 1500 سے زائد غیر قانونی تارکین کو بچایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ زیادہ تر مہاجرین پرہجوم حراستی مراکز میں موجود ہیں جہاںان کے مزید غیر محفوظ ہونے کا خطرہ ہے۔ مہاجرین کی بین الاقوامی تنظیم نے بار بار دوہرایا ہے کہ لیبیا خراب سکیورٹی کی صورتحال کے باعث مہاجرین کے لیے محفوظ نہیں ، ایک اندازے کے مطابق لیبیا کے حراستی مراکز میں اس وقت 6 لاکھ 50 ہزار تارکین وطن موجود ہیں جنہیں زندگی کی بنیادی ضروریات اور طبی سہولیات کی کمی کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ لیبیا مہاجرین کے لیے روانگی کا مرکز بن گیا ہے جہاں سے وہ براستہ بحیرہ روم سے یورپ جانے کو ترجیح دیتے ہیں۔