کشمیریوں کی آواز بننے والی برطانوی پارلیمنٹیرین ڈیبی ابراہمس کی پاکستان آمد
بین الاقوامی فورمز پرکشمیریوں کی آواز بننے والی برطانوی پارلیمنٹیرین ڈیبی ابراہمس پاکستان پہنچی ہیں۔ان کے ہمراہ 9 رکنی برطانوی پارلیمنٹیرینز کا وفد بھی پاکستان آیا ہے۔ وفد میں لارڈ قربان، عمران حسین ،جیمز ڈیلے و دیگر برطانوی پارلیمنٹیرینز شامل ہیں۔ اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر حریت کانفرنس کے رہنماوں عبدالحمید لون سید منظور احمد شاہ اور راجہ نجابت حسین نے برطانوی پارلیمنٹیرینز کا استقبال کیا۔برطانیہ کی لیبر پارٹی سے منسلک ڈیبی ابراہمس کو بھارت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تھی اور انہیں پیر کے روز دہلی ائیرپورٹ سے واپس روانہ کیا گیا تھا۔ ڈیبی ابراہمس نے ٹویٹر پر بھارتی حکومت سے سوال کیا تھاکہ کیا انہیں واپس بھیجے جانے کا فیصلہ جموں و کشمیر سے متعلق بھارت کی پالیسی پر ان کی تنقید کے سبب کیا گیا تھا؟۔ڈیبی ابراہمس، 'آل پارٹی پارلیمنٹری گروپ فار کشمیر اِن برٹین' کی سربراہ بھی ہیں ۔وہ رواں ہفتے کے آخر میں آزاد کشمیر کا دورہ کریں گی۔