جتنے مرضی مارچ کرلیں، عمران خان کہیں نہیں جا رہے۔ شیخ رشید
وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرے گی، جتنے مرضی مارچ کرلیں، عمران خان کہیں نہیں جا رہے، مہنگائی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے واپس نہیں آنا اور مریم نواز باہر نہیں جاسکتیں، اگر فضل الرحمان نے دھرنا دیا تو اس بار دھر لیے جائیں گے، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کچھ نہیں کریں گی، کابینہ میں یہی فیصلہ ہوا مریم کو باہر نہ جانے دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے بچپن نہیں جوانی کے کیس ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب کا آرڈیننس نائیک صاحب اور فروغ نسیم مل کر بنا رہے ہیں، کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے، عدالتوں کے آگے حکومت بے بس ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرانزک رپورٹ نے ثابت کر دیا ٹرین میں آگ سلنڈر سے لگی، رپورٹ نے ثابت کر دیا شیخ رشید ٹھیک کہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے 5 نکات پر اتفاق ہوا ہے، کراچی سرکلر ریلوے پر سندھ حکومت سے کوئی اختلاف نہیں، ریلوے اور سندھ حکومت مل کر کے سی آر بنائیں گے، کراچی سرکلر ریلوے سی پیک کا حصہ ہے، کے سی آر 2 ارب ڈالر کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور سندھ حکومت میں فریم ورک منصوبے پر اتفاق ہو گیا ہے، سندھ حکومت کے سی آر عملی طور پر مکمل کرنا چاہتی ہے۔