بزدار حکومت نے پنجاب کوصنعتی سرگرمیوں کا مرکز بنا دیا ہے

لاہور:-صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے سول سیکرٹریٹ میں بیسٹ وے سیمنٹ گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران بیسٹ وے سیمنٹ گروپ کی جانب سے سیمنٹ سیکٹر میں نئی سرمایہ کاری اور این او سی کے اجراء کے امور پر بات چیت ہوئی۔وفد کے اراکین نے کہاکہ ہمارے گروپ نے اٹک، میانوالی اور خوشاب میں نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کے لئے اپلائی کر رکھا ہے، این او سی کے منتظر ہیں۔صوبائی وزیر نے بیسٹ وے سیمنٹ گروپ کے کے وفد کو این او سی کے جلد اجراء کی یقین دہانی کرائی۔وفد میں جنرل منیجر اپریشنزبیسٹ وے سیمنٹ گروپ ارشادعلی امیر، کرنل ریٹائرڈ ثاقب ملک اور دیگر شامل تھے جبکہ سیکرٹری صنعت و تجارت واصف خورشید اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بزدار حکومت نے پنجاب کوصنعتی سرگرمیوں کا مرکز بنا دیا ہے۔نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کے لئے این او سی کے اجراء کے عمل کو تیز کیاگیا ہے اورصوبے میں نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کے لئے 7 این او سی جاری ہوچکے ہیں۔مزید این او سی بھی جلد جاری ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ سیمنٹ انڈسٹری میں اربوں روپے کی نئی سرمایہ روزگار کے ہزاروں نئے مواقع لائے گی اور ہم سیمنٹ سیکٹر میں نئی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیمنٹ سیکٹر کے سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں دے رہے ہیں ۔پنجاب میں نئی سرمایہ کاری روزگار کے نئے مواقع اور معاشی ترقی کی نویدہے