سندھ حکومت کی درخواست پر کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں نوے روز کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا
وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے سندھ حکومت کی درخواست پر رینجرز کے اختیارات میں مزید نوے روز کی توسیع کی منظوری دے دی ہے, سندھ رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ انیس سو ستانوے کے تحت اختیارات دیئے گئے ہیں۔ اختیارات میں توسیع سولہ جنوری دو ہزار سترہ سے نافذ العمل ہو گی۔ وفاقی وزارت داخلہ نے اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے, اس سے پہلے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمری منظوری کے لیے وزیر داخلہ کو بھجوائی تھی, رینجرز کو شہر میں چھاپوں، گرفتاری اورملزمان سے تحقیقات سمیت دیگراختیارات حاصل ہوں گے, واضح رہے کہ کراچی میں رینجرز کے آپریشن کے بعد امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے, آپریشن کے دوران ہزاروں جرائم پیشہ افراد اور دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا, رینجرز کی جانب سے رواں سال کے پہلے پندرہ دن کی جانے والی کارروائیوں کی رپورٹ بھی جاری کی گئی تھی, صوبے میں دو سیاسی جماعتوں کے تحفظات کے باوجود عوام کی اکثریت اس پر متفق ہے کہ شہر سے جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے تک رینجرز کا آپریشن جاری رکھا جائے