اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا پاک بھارت 'معنی خیز مذاکرات' کیلئے امید کا اظہار
اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے پاک بھارت تعلقات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان معنی خیز مذاکرات کے لیے امید کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ایک پاکستانی صحافی افتخار علی نے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس سے اس حوالے سے سوال کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت کی جانب سے متعدد مرتبہ امن اور مذاکرات کی بات کیے جانے کے باوجود بھارت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ پاکستانی صحافی نے مزید کہا کہ صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی اور مقبوضہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کی پامالیوں کی وجہ سے صورتحال خراب ہے۔