وفاقی کابینہ نے راحیل شریف کو بیرون ملک ملازمت کیلئے این او سی دیدیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی کابینہ نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو بیرون ملک ملازمت کے لیے این او سی کی منظوری دے دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے حکم پر این او سی کی منظوری دی اور اس کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کے بیرون ملک ملازمت کے اجازت نامے (این او سی) کی درستی کے لیے وفاقی حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دی تھی۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ سابق آرمی چیف کا بیرون ملک ملازمت کا این او سی وفاقی حکومت نے جاری نہیں کیا بلکہ یہ اجازت نامہ جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) اور وزارت دفاع نے جاری کیا گیا۔ واضح رہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف پاک فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد 41 اسلامی ملکوں کی اتحادی فوج کے سربراہ مقرر کیے گئے تھے۔