جان کیوں نہ چلی جائے منشیات جیسے ناسور کو ختم کریں گے: وزیر داخلہ
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ ڈرگ مافیا اتنا آگے جا چکا ہے کہ آنے والی نسلوں کی زندگی سے کھیل رہا ہے، جان کیوں نہ چلی جائے منشیات جیسے ناسور کو ختم کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مافیا ہے جس نے ملک کو جکڑا ہوا ہے، ایسی راہ پر چل پڑے ہیں جہاں صرف اندھیرا ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ ڈرگ مافیا اتنا آگے جا چکا ہے کہ آنے والی نسلوں کی زندگی سے کھیل رہا ہے، جان کیوں نہ چلی جائے منشیات جیسے ناسور کو ختم کریں گے۔ موجودہ حکومت نے پاکستانیوں کا پیسہ پاکستان پر ہی لگانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی پر 3 سال تک خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کو برا بھلا کہا گیا، جو سوچتے ہیں حکومت گھبرا جائے گی وہ سن لیں، عمران خان گھبراتے نہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عمران خان روزانہ مجھ سے وزارت کا حال احوال معلوم کرتے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے۔ چائلڈ پورنو گرافک کون کر رہا ہے، یہ سب کچھ منشیات سے جڑا ہے۔