مشیر تجارت کا رواں سال ریکارڈ برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کا دعویٰ
وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے اس سال ملک کی ریکارڈ برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ برآمدات اس سال ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ دسمبر 2017 کے مقابلے 2018 بہتر ہے، ہم برآمدات بڑھانے کی حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں ،ہمیں درآمدات کی پالیسی کے متبادل کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک چیلنج ہے، جسے کم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔مشیر تجارت نے اعتراف کیا کہ ان کی توجہ دیگر شعبوں پر زیادہ رہی اور وہ خوردنی تیل پر توجہ مرکوز نہیں کرسکے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ خوردنی تیل کی صنعت کو بہت آگے لے کر جائیں گے اور کسانوں کو خوردنی تیل کی پیداوار میں مدد سے زر مبادلہ بچے گا۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ دسمبر 2017 کے مقابلے میں 2018 بہتر رہا، رواں سال 27 ارب ڈالر کی برآمدات کرلیں گے۔عبدالرزاق داؤد نے بتایا کہ کارگل کمپنی نے پاکستان میں کروڑوں ڈالرز کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے،مشیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کی ایکسپورٹ تیزی سے بڑھائیں گے جبکہ چاول اور چینی کی ایکسپورٹ کے لیے چین سے 1 ارب ڈالر کی مارکیٹ حاصل کرلی ہے۔