حکومت کو کوئی اتحادی چھوڑ کر نہیں جارہا، ق لیگ کے تحفظات کو دور کیا جائے گا: فواد چوہدری
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ ق لیگ کے تحفظات کو دور کیا جائے گا اور کوئی اتحادی چھوڑ کر نہیں جارہا۔(ن)لیگ اورپیپلزپارٹی سے جھگڑا دو لوگوں کیلیے این آر او مانگنے پر ہے،لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی اپنی سیاست کرنے کا حق حاصل ہے، پی ٹی آئی اور ق لیگ ایک جماعت نہیں، ق لیگ کے تحفظات کو دور کیا جائے گا، چوہدری برادران سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، کوئی اتحادی چھوڑ کر نہیں جارہا۔انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتیں نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنائی گئیں اور سب کے اتفاق رائے سے بنی تھیں، ملک سے متعلق فیصلوں کیلئے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن یا پیپلزپارٹی کی طرف سے کوئی بہتر تجویز آئی تو غور کریں گے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت ہر جماعت کا سیاسی نظریہ ہے، جمہوریت جرائم پر پردہ ڈالنے کا نام نہیں بلکہ احتساب کا نام ہے۔اس سے قبل لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہاکہ معیشت بہتر ہورہی ہے، یہ سال بیرونی سرمایہ کاری اور برآمدات کا ہوگا، اس سال پاکستان اپنی تاریخ کی سب سے بڑی ایکسپورٹ کرے گا اور اس سال پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری آئے گی، ایگزن آئل 27 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری لے کر آ رہا ہے، اس سال عمران خان کی قیادت میں معاشی سفر طے کریں گے،، دنیا کی تیسری بڑی آئل ریفائنری لگانے جا رہے ہیں،فواد چوہدری نے کہا کہ سی پیک میں انفراسٹرکچر سے ہٹ کر رئیل ایشوز پر کام شروع کر دیا ہے، کل 2019 کا سی پیک پلان متعارف کروایا جائے گا، ، سی پیک میں جو تبدیلیاں کی گئی ییں اس حوالے سے آج اتوار کو اہم اعلان کریں گے،۔ سی پیک منصوبے میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے بعد اس میں پاکستان تحریک انصاف کا ویژن نظر آئے گا۔فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ سیاسی جماعتوں کے بغیر ملک نہیں چلتا، سیاسی جماعتیں حقیقت ہیں، یہاں جھگڑا صرف سیاسی جماعتوں میں دو بڑوں کو این آر او دینے کا ہے،سیاسی کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست آگے بڑھ رہی ہے، اس حوالے سے ملک میں کوئی بحرانی کیفیت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ ملک کی معیشت بھی بہتری کی طرف جا رہی ہے