پاکستان اور بھارت باہمی کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے کشمیر سمیت تمام تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کریں:صدرجنرل اسمبلی
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے پاکستان اور بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ باہمی کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے کشمیر سمیت تمام تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کریں،۔ ہفتہ کو سرکاری ریڈیو کو ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس حوالے سے ذمہ داری بنتی ہے تاہم زیادہ اہم بات ہے کہ تنازعات کومتعلقہ فریقین سیاسی عزم اور تعمیری مذاکرات کے ذریعے حل کریں ۔انہوں نے تنازعات کے حل پر زوردیتے ہوئے کہاکہ یہ متاثرہ عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کیلئے بہت ضروری ہے ۔ماریہ فرنینڈا ایسپینوزا نے کہاکہ ہم اہم معاملات خصوصا ان تنازعات پرزیادہ توجہ کے خواہاں ہیں جن سے لوگوں کے حقوق اورترقی متاثر ہو ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر انھیں حوصلہ ملا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت پاکستان کے عوام کا مستقبل سنوارنے کیلئے کمربستہ ہے انہوں نے کہاکہ نیا مستقبل غربت اور بدعنوانی کے خاتمے اور سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ پرمبنی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک درست سمت کی طرف گامزن ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایسا خوبصورت ملک ہے جہاں دنیا کیلئے دیکھنے کے دلکش مناظر موجود ہیں ۔پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر نے کہاکہ اعلی عہدوں پر کام کرنے والی متعدد خواتین میں انتہائی بہتری آئی ہے اور وہ رائے عامہ میں ایک مضبوط آواز رکھتی ہیں ۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی کا خصوصی طورپر ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نیویارک میں ان کی ایک موثر آواز ہے ۔ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا ایک مثالی کردارہے انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب اور موثر کوششیں کیں ہیں اور عالمی برادری نے اس کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔مسز ماریہ نے کہاکہ پاکستان کا علاقائی امن اورسلامتی میں کردارقابل تعریف ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان افغان امن عمل میں انتہائی موثر کردارادا کررہا ہے جو پاکستان کیلئے بھی مفید ہے ۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب خواتین کو نقد امداد کی فراہمی کو بھی سراہاانہوں نے معاشرے کے محروم طبقوں خصوصا خواتین کوچھوٹے کاروبار اور مواقع کے ساتھ حقیقی معیشت سے جوڑنے کی ضرورت پر زوردیا ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر نے کہاکہ بیس لاکھ افغان پناہ گزین اب بھی پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔انہوں نے امن واستحکام اور عالمی قوانین کے حوالے سے پاکستان کے عزم کی تائید کی ۔ایک سوال کے جواب میں ماریہ فرنینڈا نے واضح کیاکہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں انتہائی اہم کردارادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم دنیا بھر میں اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں میں پاکستان کے کردارکا اعتراف اوراحترام کرتے ہیں جو عالمی ادارے اور امن واستحکام کیلئے پاکستان کے عزم کا مظہر ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان ہماری امن کی کارروائیوں کی حمایت جاری رکھے گا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کا ایک مضبوط اور موثر شراکت دار ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف اقوام متحدہ کی امن کوششوں میں کردارادا کررہا ہے بلکہ عالمی ادارے کے ساتھ اس کے بہتر رابطے بھی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اقوام متحدہ کی ٹیم حکومت کے ساتھ غربت اور عدم مساوات کے خلاف کام کررہی ہے