حکومتی اقدامات کے باوجود بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری نہ آسکی
حکومتی اقدامات کے باوجود بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری نہ آسکی۔ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں چھ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات نے رپورٹ جاری کردی۔ پاکستان شماریات بیوروکی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں پندرہ بنیادی صنعتوں میں سے آٹھ نے کچھ بہتر پیداوار ظاہر کی جبکہ دیگر سات صنعتوں کی پیداوارمیں کمی ہوئی۔ مجموعی طور پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں چھ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق آٹو سیکٹر کی پیداوار میں اڑتیس فیصد، الیکٹرانکس میں سولہ فیصد، پٹرولیم مصنوعات میں تیرہ فیصد، خوراک، مشروبات کی پیداوارمیں سات فیصدکمی ہوئی۔ اسی طرح اسٹیل کی پیداوار میں چودہ فیصد اور ادویہ سازی میں آٹھ فیصد کمی ہوئی۔ لکڑی کی بنی اشیا کی پیداوار میں تریپن فیصد، چمڑے کی پیداوار میں آٹھ فیصد، فرٹیلائزر، انجنیئرنگ اور ٹیکسٹائل کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے معیشت کو دستاویزی بنانے کی کوششیں، بجلی اور گیس کے ٹیرف اور شرح سود میں اضافہ بھی اس سست روی کاسبب ہے۔ اس سے پیداواری اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے اورکمپنیوں کے منافع پر زد پڑ رہی ہے