ارنب گوسوامی کی 'چیٹ' منظر عام آنے پر پلوامہ ڈرامہ بے نقاب ہوگیا، شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے پلوامہ ڈرامہ سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے رچایا، ارنب گوسوامی کی 'چیٹ' منظر عام آنے پر پلوامہ ڈرامہ بے نقاب ہوگیا۔ ایک بیان میں وزیر خاجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان بھارت کا اصلی چہرہ مسلسل دکھا رہا ہے، 14 نومبر کو ڈوزیئر میں بھارت کے دہشتگردوں کی معاونت کے ثبوت دیئے، ای یو ڈس انفولیب انکشافات نے ہمارے تحفظات پر مہر ثبت کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کراچی میں اسرائیل نامنظور کے بینرز سیاسی مقاصد کیلئے لگائے جا رہے، پی ڈی ایم اپنی صفوں میں بڑھتے انتشار کو چھپانا چاہتی ہے، کچھ عناصر احتجاج کیلئے مدرسے کے طلبا کو استعمال کرنا چاہتے ہیں، یہ ملک اور معیشت کیلئے صحیح قدم نہیں، کراچی کے باشعور شہری ان کی طرف توجہ نہیں دیں گے، پیپلزپارٹی وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہی ہے۔