کورونا وائرس کی وباکے بعد مسجد الحرام آنے والوں کی تعداد 67 لاکھ سے تجاوز کر گئی
سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے بعد سے اب تک عمرہ اور نماز کے لیے مسجد الحرام آنے والوں کی تعداد 67 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ عمرہ زائرین اور نمازیوں کے یہ اعدادوشمار 4 اکتوبر 2020 سے 16 جنوری 2021 تک کے ہیں۔ مقدس مساجد کی انتظامیہ نے بیان میں کہا ہےکہ ان میں 17 لاکھ 94 ہزار عمرہ زائرین تھے جبکہ نمازیوں کی تعداد 50 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا وبا کے پیش نظر نماز اور عمرے کے لیے جانے والوں پر یہ پابندی ہے کہ وہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے نماز اورعمرے کا اجازت نامہ حاصل کریں۔ یہ پابندی بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین پر بھی لاگو کی جارہی ہے۔