فٹبال کی عالمی تنظیم کی جانب سے پاکستان میں فٹبال کے الیکشن کرانے کے لیے نئی پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) فٹبال کی عالمی تنظیم کی جانب سے پاکستان میں فٹبال کے الیکشن کرانے کے لیے نئی پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان کر دیا ہے جو بروز بدھ 20 جنوری سے اپنے کام کا آغاز کرئے گی۔ اس سے قبل حمزہ خان کی زیر صدارت کام کرنے والی نارملائزیشن کمیٹی کو مکمل طور پر تحلیل کر دیا گیا ہے جو اپنے مقررہ وقت میں پی ایف ایف کے الیکشن کرانے میں بری طرح ناکام رہی تھی۔ سابقہ نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ حمزہ خان نے دسمبر 2020ءکے شروع میں عہدے سے استعفٰی دیدیا تھا جس کے بعد عارضی طور پر منیر سدھانا کو قائم مقام چیئرمین پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی مقرر کر دیا گیا تھا۔ فیفا کی جانب سے جاری آرڈر میں پانچ رکنی نئی پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان کیا گیا ہے جس میں ہارون ملک کو نارملائزیشن کمیٹی کا چیئرمین جبکہ ممبران میں حارث عظمت، سعود عظیم ہاشمی، محمد شاہد نیاز کھوکھر اور منیر سدھانا شامل ہیں۔ فیفا کی جانب سے نئی پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کو اگلے چھ ماہ میں پی ایف ایف الیکشن کرانے کا مینڈیٹ دیا گیا ہے۔