مایہ ناز فاسٹ بولر حارث رؤف کی منفرد انداز میں جشن منانے کی وجہ سامنے آگئی۔
پاکستان ٹیم کے بولر حارث رؤف نے وکٹ لینے کے بعد منفرد انداز میں جشن منانے کی وجہ بتادی ہے۔ پاکستان ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر حارث رؤف اپنے منفرد انداز میں جشن منانے کی وجہ سے مشہور ہیں جبکہ حال ہی میں ان کی بی بی ایل میچ کے دوران منفرد انداز میں جشن منانے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ حارث رؤف نے وکٹ لینے کے بعد منفرد انداز اپنایا اور ہاتھ کے اشارے سے سینیٹائزر لگایا جس کے بعد انہوں نے اپنی جیب سے ماسک نکلا کر پہن لیا۔ اس حوالے سے جب ان سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ بگ بیش کے دوران میلبرن اسٹارز کی ٹیم کووڈ کیسز کی وجہ سے کافی متاثر تھی، کوشش کی کہ ان کی توقعات پر پورا اتروں۔ واضح رہے کہ حارث رؤف بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی جانب سے کھیل رہے تھے جس کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے یہ منفرد انداز پرتھ اسکارچر کے کھلاڑی پیٹرسن کو آؤٹ کرنے کے بعد اپنایا تھا۔ حارث رؤف کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں کیسز مثبت آنے پر لوگوں کو آگاہی دینے کے لیے جشن کا اسٹائل بنایا اور آسٹریلوی باشندوں کو آگاہی دینے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا یہ انداز اپنانے کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ موجودہ حالات میں ہاتھوں کو سینیٹائز کریں اور چہرے پر ماسک لازمی لگائیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ لاہورقلندرز کو اس مرتبہ ٹرافی جتوانے کی کوشش کریں گے جبکہ شاہین آفریدی اور راشد خان کی موجودگی میں بولنگ اسکواڈ اچھا ہے۔ ایک دوسرے کو بیک کریں گے اور لیگز کے تجربے سے فائدہ اٹھائِیں گے۔