کوئی شک نہیں حالات برے ہیں لیکن کاروبار کیلئے آسانیاں پیدا کردیں: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں مہنگائی میں اضافہ تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ حالات برے ہیں لیکن اسمال اور میڈیم کاروبار کے لیے آسانیاں پیدا کرلی ہیں۔اسلام آباد میں نیشنل اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز پالیسی 2021 کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس شعبے کو مراعات اور اہمیت دے رہے ہیں، جس پر بدقسمتی سے پہلے کبھی توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ روزگار دیتا ہے اور دولت بڑھانے میں اس کا بڑا حصہ ہوتا ہے لیکن پاکستان میں یہ شعبہ وہ حصہ نہیں ڈالتا جو ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ ایس ایم ای کو بینک قرضے نہیں دیتے اور دیگر مشکلات ہوتی ہیں اور اب سب سے بڑی رکاوٹ دور کرکے آسانیاں پیدا کردی ہیں تاکہ وہ کاروبار کرسکیں۔وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کے اندر ٹیکنالوجی کا انقلاب سیلیکون ویلی سے آیا جہاں کسی کے پاس کوئی آئیڈیا آتا تو اس کی مدد کی جاتی ہے اور اس طرح نوجوان ارب پتی بن گئے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے جنون کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت کو چاہیے کہ وہ اس کو سہولیات دے، ایس ایم ای میں تعاون سے اسٹارٹ اپ کے لیے تعاون کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسٹارٹ اپس میں باہر سے پاکستان میں تقریباً 500ملین ڈالر کی سرمایہ کاری آئی ہے، پہلے زیرو تھی لیکن اپنی درست سمت میں گامزن ہے، ضروری ہے کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کی مدد کریں اور ریاست اپنا کردار ادا کرے۔