جاپان میں بلاواسطہ تمباکونوشی پر قابو پانے کےلئے مسودہ قانون کی منظوری
جاپان کے قانون سازوں نے بلاواسطہ تمباکو نوشی کی وجہ سے صحت کو پہنچنے والے نقصان کی روک تھام کیلئے اقدامات کو تقویت دینے کی غرض سے ایک مسودہ قانون کی منظوری دی ہے۔جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پارلیمان کے ایوانِ بالا نے صحت کے فروغ کے قانون میں ترمیم کیلئے مسودہ قانون کی ایک مکمل اجلاس میں اکثریتی ووٹوں سے منظوری دی۔اِس نئے قانون کے تحت سکولوں، ہسپتالوں اور انتظامی اداروں کی عمارات کے اندر تمباکو نوشی ممنوع ہو جائے گی تاہم یہ قانون ایسے اداروں کو ان کی عمارات کے باہر تمباکو نوشی کی مخصوص جگہیں قائم کرنے کی اجازت دے گا۔ایسے موجودہ ریستوران جو گاہکوں کیلئے 100 مربع میٹر یا اِس سے کم فلور کی جگہ کے حامل ہوں، انہیں گاہکوں کو تمباکو نوشی کرنے دینے کی اجازت ہوگی جس کیلئے انہیں ریستوران کے باہر تمباکو نوشی کی اجازت کی علامت لگانی ہوگی۔ترمیم شدہ قانون کی منظوری کے ساتھ سکولوں، ہسپتالوں اور انتظامی اداروں میں پابندی کا اطلاق تقریباً ایک سال بعد اور ریستورانوں میں اپریل 2020ءسے ہوگا۔