شفاف انتخابات کرائے نہیں جاسکتے تو انتخابات کا ڈرامہ کیوں رچایا جا رہا ہے،پرویز رشید۔
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا پیغام ہے کہ کوئی سزا انہیں منزل کی طرف بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔سابق وزیراعظم سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا عزم اسی طرح مضبوط ہے جیسے گرفتاری سے پہلے تھا، 25 جولائی کو شیر پر مہر لگا کر عمران خان کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا عوام کا حق ہے۔سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ مریم نواز نے ملاقات کے دوران بتایا کہ ایک جیل میں ہونے کے باوجود ان کی والد سے آج پہلی ملاقات کرائی گئی، اس بات پر دکھ اور تکلیف ہے کہ بیٹی کو باپ سے ملنے نہیں دیا جارہا۔انہوں نے کہا کہ ہر قیدی کو حق ہوتا ہے کہ دن میں جیل کے اندر آزادانہ نقل و حرکت کرسکے، سزا میں کہیں نہیں لکھا گیا کہ نواز شریف کو قید تنہائی میں رکھا جائے گا۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جو سہولت عمران خان کو دی گئی وہ پاکستان کے تین بار منتخب وزیراعظم سے کیوں چھینی گئی،ایک مقدمہ چار بار چلتا ہے اور چار سزائیں سنائی جاتی ہیں، دوسری جانب کچھ مقدمات سالوں چلتے ہیں۔