مسافربس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم ، 29 افراد جاں بحق، 44زخمی
ڈیرہ غازی خان میں ہولناک ٹریفک حادثے میں 29افراد جاں بحق اور 44سے زائد زخمی ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق سیالکوٹ سے راجن پور جانیوالی مسافر بس ڈیرہ غازی خان میں تونسہ روڈ پر ٹریلر سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں29افراد جاں بحق اور 44زخمی ہو گئے ، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیوٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں ،زخمیوں کو فوری طور پر ڈ سٹرکٹ ہیڈکوارٹرٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے اموات بڑھنے کا خدشہ ہے،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مجیب نے حادثے میں 29 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ارشاد احمد نے بتایا کہ زخمی اور جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ،حادثے کا شکار ہونے والے بیشتر مسافر عید کی چھٹیوں پر اپنے آبائی گھر جا رہے تھے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو ڈاکٹر نیئر عالم نے بتایا کہ حادثے کا شکار بس میں 75 مسافر سوار تھے۔ جائے وقوعہ سے بس اور ٹریلر کو ہٹا دیا گیا اور ٹریفک بحال کر دی گئی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر چودھری محمد سرورنے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔