گال ٹیسٹ: 342 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری، 2 کھلاڑی آؤٹ
گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل جاری ہے جہاں پاکستانی بلے باز کریز پر جمے ہوئے ہیں۔ 342 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے اب تک 147 رنز بنائے ہیں جب کہ 2 کھلاڑی آؤٹ ہیں۔ اوپنر امام الحق 35 رنز بناکر رمیش مینڈس کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ اظہر علی کو 6 رنز پر پربھات جے سریا نے آؤٹ کیا۔ اس وقت کریز پر عبداللہ شفیق 77 جب کہ بابر اعظم 26 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔ میچ کے چوتھے روز کا آغاز سری لنکا کی بیٹنگ سے ہوا جب ٹیم کے 329 اسکور پر 9 کھلاڑی آؤٹ تھے لیکن سری لنکا نے مجموعی اسکور میں صرف 8 رنز کا اضافہ کیا اور 337 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ میزبان ٹیم دوسری اننگز میں 337 رنز پر آؤٹ ہوئی اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 342 رنز کا ہدف ملا۔