وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس: تمام اراکین کا ہاتھ بلند کر کے وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار
لاہور:وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت آج 90 شاہراہ قائد اعظم پر صوبائی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا - مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، اتحادی جماعتوں اور آزاد اراکین پنجاب اسمبلی نے اجلاس میں بھرپور شرکت کی- مشترکہ اجلاس میں تمام اراکین نے ہاتھ بلند کر کے وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا- وزیر اعلی حمزہ شہباز نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سدا بادشاہی اللہ تعالٰی کی ہے۔1993 سے بحیثیت سیاسی کارکن محاذ پر ڈٹا ہوا ہوں۔ خوب جانتا ہوں کہ مقابلہ کیسے کیا جاتا ہے۔ نہ ہار ابدی ہے نہ کسی جیت کو دوام حاصل ہے۔ مشن پاکستان کو بچانا اور سنوارنا ہے جو انشا ء اللہ جاری رہے گا۔ ہم چاہتے تو پی ٹی آئی کی طرح ریاست کو نقصان پہنچا کر سیاست کر سکتے تھے لیکن ہم نے ریاست کو مقدم رکھا۔وطن عزیز پاکستان ہمیں ہر چیز پر مقدم ہے، پاکستان کو پی ٹی آئی کی مچائی تباہی سے نکال لیا تو خود کو کامیاب سمجھیں گے۔ خوشحال پاکستان ہماری منزل ہے جس تک انشاء اللہ ضرور پہنچیں گے۔ صوبائی وزیر داخلہ عطا اللہ تارڑ نے پارلیمانی پارٹی اجلاس کی غرض وغایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، بھرپور مقابلہ کریں گے-اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے 22 جولائی کو ہونے والے اجلاس کے بارے میں حکمت عملی طے کی گئی-صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن کے والد کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا-اجلاس کے شرکاء نے جگنو محسن کے والد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی- پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ضمنی الیکشن جیتنے والے نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی کو مبارکباد دی گئی۔