سانحہ ماڈل ٹاﺅن پولیس کی فائرنگ اور لاٹھی چارج سے زخمی ہونے والے 28افراد جناح ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے

ڈاکٹروں کے مطابق ماڈل ٹاﺅن میں پولیس کے ہاتھوں زخمی ہونے والے 83افراد میں سے 28ابھی بھی جناح ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جن کو طبی امداد دی جا رہی ہے جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ دونوں کو ایمرجنسی میں رکھا گیا ہے۔ جبکہ باقی 26لوگوں کو مختلف وارڈز میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں اور ان کو برے طریقے سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ہسپتال میں زخمیوں کے رشتہ داروں کا تانتا بندھا رہا جبکہ عوامی تحریک کے کارکنوں کی بھی بڑی تعداد ہسپتال میں ان کی تیمار داری کے لیے پہنچی۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھیوں کے ساتھ پولیس نے زیادتی کی ہے ۔ انہیں اعلی افسران سے انصاف چاہیے۔