ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جانچ پڑتال کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں
اسلام آباد: عام انتخابات 2018 کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن الطاف خان نے اپنے بیان میں کہا کہ جانچ پڑتال کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں۔ الیکشن کمیشن نے 11 جون تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول کیے تھے، جس کے بعد ان کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کیا گیا۔گزشتہ روز الیکشن کمیشن ذرائع کے حوالے سے رپورٹ سامنے آئی تھی کہ 2013 کے مقابلے میں 2018 کے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی تعداد میں 7 ہزار کے قریب کمی واقع ہوئی ہے۔2013 کے مقابلے میں اس مرتبہ کم امیدوار میدان میں اترے،ذرائع کے مطابق 2013 میں 28 ہزار 302 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے تھے جب کہ انتخابات 2018 کے لیے 21 ہزار 482 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔