بجٹ پر حزب ختلاف کی غیر ضروری تنقید غیر منطقی ہے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو ان تمام اقدامات کے بارے میں بتایا جو انہوں نے ملک کو درپیش موجودہ اقتصادی مسائل کے پیش نظر کفایت شعاری کیلئے اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کے ارکان کو سادہ طرز زندگی اختیار کرکے دوسروں کیلئے مثال قائم کرنی چاہئے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ملک کے لئے لائحہ عمل پر غور ہوا ، لوگوں کو درپیش مشکلات کا ادراک کیا گیا اور ان کی توقعات پر پورا اترنے پر غور کیا گیا جنہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ذرائع ابلاغ نے نئے بجٹ میں وزیراعظم ہائوس کیلئے مختص رقم سے متعلق درست اطلاعات فراہم نہیں کیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہائوس کا گزشتہ بجٹ ایک ارب دس کروڑ روپے تھا۔موجودہ حکومت نے اس میں 75 کروڑ روپے خرچ کئے اور 32 فیصد رقم کی بچت کی۔معاون خصوصی نے کہا کہ بجٹ 20-2019 میں وزیراعظم ہائوس کے اخراجات میں 13 فیصد کٹوتی ہوچکی ہے۔