کسی ملک کے خلاف جنگ نہیں چھیڑیں گے: حسن روحانی
امریکا اور ایران کی جانب سے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کیے جارہے ہیں، جبکہ عمان میں آئل ٹینکرز پر حملے کی ذمے داری بھی ایران پر عائد کی گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک کسی ریاست کےخلاف جنگ نہیں چھیڑے گا۔ منگل کو سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر ہونیوالے خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی نے باہمی مشاورت کے ذریعے معاملے کے حل پر زور دیا۔ دوسری جانب یورپی یونین میں خارجہ پالیسی کی رابطہ کار فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ یمن، شام اور دیگر علاقوں میں ایران کی مداخلتیں غیر مثبت ہیں۔ موگرینی نے ایران کے ساتھ کشیدگی میں اضافے پر یورپی یونین کی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت حالات کو پرسکون بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔