ایرانی میزائل طیارہ بردار جہازوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں
امریکا اور ایران کے درمیان تنازعے میں شدت آتی جارہی ہے، البتہ فریقین نے جنگ کے بجائے مذاکرات کو معاملہ کا حل قرار دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور ایران ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کررہے ہیں، لیکن فریقین کی خواہش ہے کہ بات چیت سے مسئلہ حل کیا جائے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ایران کے بیلسٹک میزائل سمندر میں موجود طیارہ بردار جہازوں کو انتہائی ٹھیک طریقے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی کا مزید کہنا تھا کہ یہ میزائل مقامی طور پر تیار کیے گئے ہیں اور ان کا پتہ لگانا یا پھر انہیں دیگر میزائلوں سے تباہ کرنا مشکل ہے۔