ایران کے بیلسٹک میزائل طیارہ برداربحری جہازوں کو نشانہ بناسکتے ہیں۔کمانڈر سپاہِ پاسداران
سپاہِ پاسداران انقلاب ایران کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے بیلسٹک میزائل سمندر میں طیارہ بردار بحری بیڑوں کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔ بریگیڈئیر جنرل حسین سلامی نے منگل کے روز سرکاری ٹیلی ویژن سے نشر کی گئی تقریر میں کہا ہے کہ ’’ یہ میزائل سمندر میں طیارہ بردار بحری جہازوں کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنا سکتے ہیں۔یہ میزائل ملک ہی میں تیار کیے گئے ہیں۔ان کا سراغ لگانا اور انھیں دوسرے میزائلوں سے نشانہ بنانا بہت مشکل ہے‘‘۔ انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ’’ ایران کی بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی نے مشرقِ اوسط میں طاقت کے توازن کو تبدیل کر دیا ہے‘‘۔
انھوں نے یہ بیان خلیج عُمان میں گذشتہ جمعرات کو دو تیل بردار بحری جہازوں پر حملے کے بعد جاری کیا ہے۔ اس حملے کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔امریکا نے ایران پر اس حملے کا الزام عاید کیا ہے جبکہ ایران نے اس کی تردید کی ہے۔ امریکا نے ایران کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کے بعد حال ہی میں ایک اور طیارہ بردار بحری جہاز بھیجا ہے اور مزید ایک ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔