اجلاس کے دوران جو کچھ کیا جارہاہے وہ اس ایوان کی توہین ہے، بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ ہماری توقعات اسپیکر کی کرسی سے پوری نہیں ہورہی ہیں، اجلاس کے دوران جو کچھ کیا جارہاہے وہ اس ایوان کی توہین ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر سے سابق صدر زرداری اور دیگر گرفتار اراکین قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری توقعات اسپیکر کی کرسی سے پوری نہیں ہورہی ہیں اجلاس کے دوران جو کچھ کیا جارہاہے وہ اس ایوان کی توہین ہے،ہم روز پروڈکشن آرڈرز کا مطالبہ کرتے ہیں،نواب شاہ، لاہور اور وزیرستان کے عوام کے نمائندے اپنے حق سے محروم ہیں ،آصف علی زرداری پہلے بھی گیارہ سال جیل میں رہے اور ہر مقدمے سے بری ہوئے ،اب پھر آصف زرداری بری ہوں گے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بجٹ کے فیصلے اہم ہوتے ہیں جبکہ لوگ معیشیت کی وجہ سے سخت پریشان ہیں۔ اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم کو ایک اور وزارت ملنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں تو خوش ہوں سندھ سے ایک اور وزیر کابینہ میں شامل ہو رہاہے مگر بدقسمتی سے عمران خان نے کراچی سے متعلق کئے گئے وعدوں میں ایک بھی پورا نہیں کیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ امید ہے عمران خان نے کراچی سمیت پورے ملک سے جو وعدے کئے وہ پورا کریں گے کیونکہ پورے ملک کی طرح کراچی کے ساتھ بھی دھوکا ہورہا ہے، ساتھ ہی انہوں نے کراچی پیکج میں فنڈز دینے کا طریقہ کار کو بھی غیر قانونی کہا