بنگلا دیش میں پاور پلانٹ سائٹ پر ہنگامہ آرائی میں مقامی مزدوروں کے ہاتھوں چینی قتل،درجنوں زخمی
بنگلا دیش میں زیر تعمیر پاور پلانٹ پر چینی اور مقامی مزدوروں کے درمیان تصادم میں ایک چینی ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگل دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے جنوبی علاقے میں چین کی مالی معاونت سے ایک ہزار 320میگا واٹ صلاحیت کے بجلی گھر کی تعمیر کی جارہی ہے۔ منصوبے پر مقامی مزدوروں کے علاوہ سیکڑوں چینی بھی کام کررہے ہیں۔ کام کے دوران ایک مقامی مزدور کی موت ہوگئی جس پر چینی اور بنگلا دیشی کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا جس نے پرتشدد صورت اختیار کرلی، جھگڑے میں ایک چینی ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق پاور پلانٹ سائٹ پر 6ہزار سے زائد مزدور کام کررہے تھے، جن میں سے 2ہزار چینی ہیں۔ مقامی پولیس چیف منیر الاسلام نے بتایا کہ تصادم میں درجنوں مزدور زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک چینی مزدور ہلاک ہوگیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سائٹ پر حالات کو کنٹرول کرنے کیلیے ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔