جھوٹا اور بدنیتی پر مبنی ریفرنس بنانے والے صدر و وزیر اعظم استعفیٰ دیں، اپوزیشن
مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی اور نیشنل پارٹی نے مشترکہ بیان میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ غیر آئینی، غیر قانونی، جھوٹا اور بدنیتی پر مبنی ریفرنس بنانے والے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان استعفیٰ دیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ایک معزز جج کے خلاف بدنیتی پر مبنی بے بنیاد ریفرنس بنا کر اعلیٰ عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، ریفرنس دراصل اعلیٰ عدلیہ کا بازو مروڑنے اوراسے دباؤ میں لانے کی مذموم کوشش تھی۔