الیکشن کمیشن سے بھر پور تعاون کریں گے ۔راجہ محمد فاروق حیدرخان

آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی کل جماعتی کانفرنس میں وزیر اعظم آزادکشمیرو صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان ،پیپلزپارٹی کے رہنماسردار جاوید ایوب ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماخواجہ فاروق احمد ، مسلم کانفر نس کے صدر مرزا محمد شفیق جرال، اور دیگر تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)عبدالرشید سلہریا نے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آزادکشمیر کے انتخابات کو صاف وشفاف،آزادنہ اورغیر جانبدارانہ بنانے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوںنے توقع کا اظہار کیا کہ آمدہ الیکشن میں تمام جماعتیں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گی۔ اس موقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے الیکشن کمیشن سے بھر پور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیرالیکشن کمیشن کو یقین دلاتا ہوں کہ ضابط اخلاق کے حوالہ سے حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی تاکہ انتخابات کی شفافیت پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوئی ایسا کام نہیں کرے گی جس کا الیکشن کی شفافیت پر منفی اثر پڑے گا۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ تمام سیاسی جماعتیں آمدہ الیکشن کو صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ سیاسی جماعتوں کے قائدین نے آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات کو صاف ، شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی کارکرگی پربھر پور ا عتماد کیا اور بہر طور الیکشن کمیشن کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ سیاسی قائدین نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور ایسا کوئی عمل نہیں کریں گے جس کا انتخابات پربرا اثر پڑے۔